Responsive Menu
Add more content here...

فکری ارتداد کا حل حصہ دوم

نمبر پانچ:  دیندار گھرانوں میں الحاد و ارتداد کے اسباب میں سے ایک سبب عموماً بچوں اور بچیوں کی تعلیم و تربیت میں کوتاہی و لاپرواہی ہے، یاد رہیں! والدین کے حق میں اولاد اسی وقت نعمت بنیں گی، جب انہیں صحیح تعلیم و تربیت سے آراستہ و پیراستہ کیا جائے’’طلب العلم فریضۃ علی کل مسلم‘‘ کی مکمل پاسداری کی جائے، ورنہ یہ اولاد وبال جان بن جائے گی، اللہ تعالی کا رشاد ہے: ’’ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّ مِنْ أَزْوَاجِكُمْ وَأَوْلَادِكُمْ عَدُوًّا لَّكُمْ فَاحْذَرُوهُمْ‘‘ اے ایمان والو! تمہاری بعض بیویاں اور اولاد تمہاری دشمن ہوتی ہیں، تو ان سے محتاط رہا کرو۔ ( سورۃ التغابن آیت نمبر: ۱۴)
ابوموسی اشعریؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تمہارا سب سے بڑا دشمن تمہاری اولاد ہے، جو تمہاری پشت سے پیدا ہوئی ہے۔
(المعجم الکبیر للطبرانی)
مذکورہ بالاآیت و روایت سے معلوم ہوا کہ اولاد کی اگر صحیح تعلیم و تربیت کا انتظام نہیں کیا گیا، تو یہی ماں باپ کے دشمن اور ان کے لیے وبال جان بن جائے گی۔
نمبر چھ:  کسی بھی کتاب یا مضمون کو پڑھنے یا کسی بھی بیان کو سننے سے پہلے کتاب کے مصنف یا مضمون نگار یا بیان کرنے والے کے عقائدو نظریات کو معلوم کرنا ضروری ہے، اگر اہل سنت والجماعت سے اس کا تعلق ہو، تو اس کی کتاب اور تحریر کو پڑھنا اور اس کے بیان کو سننا چاہیے اور اگر وہ غیر عقائد و نظریات کا حامل ہے یا ملحد و زندیق ہے، تو اس کو نہیں پڑھنا چاہیے اور نہ سننا چاہیے، یہ بات اس لیے بہت زیادہ اہم ہے کہ آج مسلمانوں کے ایمان پر ڈاکہ ڈالنے کے لیے ہر طرح کی کتابیں اور مضامین و بیانات مارکیٹ میں ہول سیل میں موجود ہیں، ایک منظم سازش کے تحت باطل کی طرف سے باقاعدہ یہ تیار کی گئی ہیں، عنوان اور نام بڑے خوبصورت اختیار کئے گئے ہیں ، تاکہ مسلمان آسانی سے اس کو قبول کرلیں۔
خاص طور پر آج انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی دنیا میں زیادہ تر ایسے ہی مضامین اور بیانات ملیں گے، بسا اوقات بیان کرنے والے کی ظاہری شکل و صورت بڑی دلکش اور انداز بیان بڑا دلپذیر ہوتا ہے، مگر درحقیقت وہ شیطان اور دجال کے ایجنٹ اور آلۂ کار ہوتے ہیں، ان کا مقصد مسلمانوں کے عقائد کو خراب کر کے اور اسلام کی بنیادی تعلیمات کے بارے میں شکوک و شبہات میں مبتلا کر کے دائرۂ اسلام سے خارج کرنا ہوتا ہے، لہذا عام لوگوں پر فرض ہے کہ وہ ایسے لوگوں کے بیانات و مضامین سے مکمل طور پر درو رہیں، ورنہ کبھی بھی دین و ایمان سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے اور ہو سکتا ہے کہ آدمی کو اس کا پتہ بھی نہیں چلے۔
(کفر و اتداد کا زمانہ اور امت مسلمہ کی غفلت و بے حسی، ص: ۱۸۸)
نمبر سات: کسی بھی چیز سے مکمل فائدہ اٹھانے اور ضرر سے بچنے کے لیے ، جس طرح فائدہ پہنچانے والی چیزوں کو معلوم کرنا ضروری ہے، وہیں اس کے نقصان دہ باتوں، کفر و الحاد تک پہنچانے والی باتوں سے بھی آگاہی بے حد ضروری ہے، یہی وجہ ہے باری عز اسمہ اگر ایک طرف نیکیوں اور نیک لوگوں کے احوال و صفات کو بیان کرتے ہیں، تو وہیں پر برائیوں اور برے لوگوں کے احوال و صفات کا بھی آشکارہ کرتے ہیں۔
دین و ایمان کی حفاظت و سلامتی کے لیے اچھائیوں کے ساتھ ساتھ برائیوں اور ایمان سوز الفاظ و کلمات سے باخبر ہونا ضروری ہے، ہو سکتا ہے کوئی شخص اسلام کے ارکان و آداب سے واقف ہوں، لیکن کفریہ کلمات و علامات سے انجان ہو، تو خدانخواستہ کہیں وہ اسلام کی کڑی کو ایک ایک کر کے توڑ بیٹھے اور حدود ایمان سے ، دائرہ اسلام سے خارج ہو جائے۔
نمبر آٹھ:  گھروں میں کم از کم آدھے گھنٹے کے لیے تعلیم و تلقین کی نشست کا اہتمام کریں، جں میں قرآن و احادیث مع ترجمہ اور مختصر تشریح کے ساتھ پڑھنے کا التزام کریںیا کوئی اسلامی لٹریچر کے اقتباس یا سلف و خلف کے مستند حکایات و اقعات اور سبق آموز جملے سنائے جائیں۔
نمبر نو: میل میلاپ میں بھی احتیاط کریں، جس طرح اچھے لوگوں کی صحبت اچھائی میں اضافہ کا سبب بنتی ہے، بعینہ برے لوگوں سے تعلقات ہمیں برائی کے قریب لاتی ہے۔
عطر فروش کی دکان پر بیٹھو گے ،تو یقیناً تمہیں دل و دماغ کی تازگی و آسودگی کا سامان ملے گا اور اگر لوہار کی بھٹی میں جاؤ گے، تو تمہیں دھواں، آگ اور تپش کے علاوہ کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔
کن لوگوں سے آپ کے تعلقات ہیں، کن غیر مسلم لڑکے لڑکیوں سے آپ کے روابط ہیں، ان پر بھی خوب خوب دھیان دینے کی ضرورت ہے، اس لیے کہ آئندہ یہ دوستی بھی کسی فتنہ کا دروازہ بن سکتی ہے۔
یہ چند بنیادی اسباب اور حل ہیں، جن کی طرف ہمیں توجہ دینے کی بطور خاص ضرورت ہے، اگر ہم اپنے آپ کا اور اپنی اولاد کا دنیا و آخرت میں خسارہ و بربادی نہیں چاہتے ہیں۔

خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی      
نہ ہو جس کو خیال اپنی حالت بدلنے کا
(مرحوم علامہ اقبال )

1 thought on “فکری ارتداد کا حل حصہ دوم”

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top